سیکٹر G13 ، رہائشیوں کیخلاف سلیکٹو مارشلائی حکم نامہ کمر شل تجاوزات کو کھلی چھوٹ ، 1/GB راجہ بازار کا منظر پیش کرنے لگا

وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر G-13 میں ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی حالیہ انسدادِ تجاوزات مہم نے قانون کے یکساں نفاذ پر کئی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اس ویلاگ میں ہم نے بے نقاب کیا ہے کہ کس طرح ایک طرف عام شہریوں کے گھروں کے باہر لگی معمولی حفاظتی گرلز اور شیڈز کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری طرف کمرشل ایریاز میں فٹ پاتھوں، عوامی گزرگاہوں اور پارکنگ کی جگہوں پر قابض بڑی مچھلیوں اور بااثر کاروباری اداروں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ قانون کا یہ دہرا معیار نہ صرف شہریوں کے معاشی نقصان کا سبب بن رہا ہے بلکہ یہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اتھارٹی کمزور پر وار کرنے اور طاقتور کو تحفظ دینے کی روایتی پالیسی پر گامزن ہے۔ اگر ہاؤسنگ اتھارٹی واقعی قانون کی حکمرانی چاہتی ہے تو کارروائی کا آغاز کمرشل تجاوزات اور اپنے ہی ماسٹر پلان کی سنگین خلاف ورزیوں سے کرے۔
اس مہم کے پیچھے چھپے اصل حقائق کو سامنے لانے کے لیے ہم نے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں پر ایک تفصیلی حقِ معلومات (RTI) درخواست دائر کی تھی، جس کا جواب دینے کے بجائے اتھارٹی مسلسل تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ اسی دوران FGEHA کے ریونیو ونگ میں کرپشن کے سنگین اسکینڈلز کو دبانے کے لیے مبینہ طور پر ملوث مرکزی افسر کا تبادلہ کرکے انہیں “ڈپوٹیشن” پر بھیج دیا گیا ہے تاکہ انکوائری کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔ یہ ویلاگ اس گٹھ جوڑ، بیوروکریٹک لیپا پوتی اور عوامی حقوق پر ڈاکے کی مکمل کہانی آپ کے سامنے لاتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام اتھارٹی پہلے اپنے گریبان میں جھانکے، اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرے، اور تجاوزات کے نام پر کیے جانے والے اس امتیازی سلوک کو فوری طور پر بند کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں